سی ڈی اے نے اسلام آباد میں 12 اور 13 اکتوبر 2026 کو پانچ ہوٹل پلاٹس اور پٹرول پمپ سائٹس کی نیلامی کا اعلان کردیا، سرمایہ کاروں کے لیے ادائیگی کی خصوصی سہولتیں بھی متعارف۔
کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں کمرشل رئیل اسٹیٹ کے فروغ کے لیے اہم ہوٹل پلاٹس اور پٹرول پمپ سائٹس کی اوپن نیلامی کا اعلان کردیا ہے۔ نیلامی 12 اور 13 اکتوبر 2026 کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
سی ڈی اے کے اعلان کے مطابق 12 اکتوبر کو صبح 10 بجے وفاقی دارالحکومت کے اہم مقامات پر واقع پانچ ہوٹل پلاٹس نیلام کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد شہر میں معیاری ہوٹلنگ، سیاحت اور کانفرنسز کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔
نیلامی کے لیے پیش کیے جانے والے ہوٹل پلاٹس میں پلاٹ نمبر 22، ڈی-12 مرکز، کنونشن سینٹر ہوٹل پلاٹ نمبر 6، ایف-5/1، فائیو اسٹار ہوٹل پلاٹ نمبر 8، ایف-5/1، ای-11 نادرن اسٹرپ میں واقع ہوٹل پلاٹ اور اسپورٹس کمپلیکس اور مارگلہ ہوٹل کے درمیان سرینگر ہائی وے پر واقع ہوٹل پلاٹ شامل ہیں۔
کامیاب بولی دہندگان کو ادائیگی کے لیے ایک سال کی آسان سہولت فراہم کی جائے گی۔ مجموعی رقم کا 25 فیصد ادا کرنے پر بلڈنگ پلان کی منظوری دی جائے گی، جبکہ 75 فیصد ادائیگی کے بعد پلاٹ کا قبضہ فراہم کیا جائے گا۔ بقیہ رقم کے لیے مقامی شیڈولڈ بینک کی قابل قبول بینک گارنٹی جمع کرانا ضروری ہوگا۔
سی ڈی اے نے جلد ادائیگی کرنے والے سرمایہ کاروں کے لیے رعایت کا بھی اعلان کیا ہے۔ 30 دن کے اندر مکمل ادائیگی کرنے پر 5 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ امریکی ڈالر میں مکمل ادائیگی کی صورت میں مزید 5 فیصد رعایت حاصل ہوگی۔
بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے نیلامی سے کم از کم ایک روز قبل ٹوکن جاری کرنے کا انتظام بھی ہوگا۔ ادائیگیاں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (RDA) یا مقامی بینکنگ چینلز کے ذریعے کی جاسکیں گی۔
دوسرے مرحلے میں 13 اکتوبر کو رجسٹرڈ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (OMCs) کے لیے پٹرول پمپ سائٹس کی نیلامی ہوگی۔ ان سائٹس کو 20 سالہ لیز کی بنیاد پر ایک ہی پیکیج کی صورت میں نیلام کیا جائے گا۔
پٹرول پمپ سائٹس میں مری روڈ پر لیک ویو پارک کے قریب پلاٹ نمبر 1 اور 2 شامل ہیں، جن میں سے ہر ایک کا رقبہ 3,555.55 مربع گز ہے۔ دیگر سائٹس میں بلیو ایریا ایف-10 میں 2,500 مربع گز، آئی-12 مرکز میں 3,688.88 مربع گز، پلاٹ نمبر 15-B جی-8 مرکز میں 1,200 مربع گز، پلاٹ نمبر 13-A موو ایریا جی-8/1 میں 2,555.55 مربع گز اور پلاٹ نمبر 26 موو ایریا جی-11/1 میں 2,000 مربع گز کی سائٹس شامل ہیں۔
نیلامی میں شرکت کے لیے ٹوکن منی 2 کروڑ 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ ماہانہ کرایہ اوپن بولی کے ذریعے طے کیا جائے گا اور سی ڈی اے کو پیشگی ادا کرنا ہوگا۔ سالانہ کرایے میں 10 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
کامیاب آئل مارکیٹنگ کمپنی کو پٹرول پمپ سائٹ کی تعمیر اور تکمیل کے لیے زیادہ سے زیادہ پانچ ماہ کا وقت دیا جائے گا۔ تعمیرات، ترقیاتی کاموں، یوٹیلیٹیز، قانونی منظوریوں، ٹیکسز اور لائسنسنگ سمیت تمام متعلقہ اخراجات کامیاب بولی دہندہ برداشت کرے گا۔
نیلامی میں دلچسپی رکھنے والے افراد اہلیت کے مکمل معیار اور مالی بولی کے طریقہ کار پر مشتمل نظرثانی شدہ بروشر سی ڈی اے ون ونڈو ڈائریکٹوریٹ یا نامزد بینک برانچز سے حاصل کرسکتے ہیں۔ ان بینکوں میں ایم سی بی، ایچ بی ایل، یو بی ایل، عسکری بینک اور بینک آف پنجاب شامل ہیں۔ بروشر سی ڈی اے کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
مزید تفصیلات اور رہنمائی کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف اسٹیٹ مینجمنٹ-II سے فون نمبر 051-9252481 یا 0333-5409880 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔