گلوکارہ میگھا نے پنجاب حکومت کے فلم انڈسٹری کی بحالی، جدید فلم سٹی، فلم فنانس فنڈ اور سستے سینما ٹکٹوں کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔
نامور گلوکارہ میگھا نے پنجاب حکومت کی جانب سے فلم انڈسٹری کی بحالی، جدید فلم سٹی کے قیام اور فلم سازوں کی مالی معاونت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی کاوشوں سے پاکستانی فلمی صنعت کو ترقی کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔
ایک انٹرویو میں گلوکارہ میگھا نے کہا کہ فلم فنانس فنڈ کے ذریعے فلم سازوں کی حوصلہ افزائی سے نئے ٹیلنٹ کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔ ان کے مطابق فلم سازی کے شعبے میں مالی معاونت نئے فنکاروں اور فلم میکرز کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔
انہوں نے ون ڈالر سینما کانسیپٹ کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت سینما ٹکٹوں کی قیمت عام شہریوں کی پہنچ میں لانے سے سینما کلچر کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔
میگھا کا کہنا تھا کہ جدید فلمی سہولتوں اور تربیت کے مواقع نوجوانوں کی صلاحیتیں نکھارنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ اسی طرح پرانے سینما گھروں کی بحالی سے نہ صرف فلمی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوسکیں گے۔
گلوکارہ نے فلم، موسیقی اور دیگر فنون سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ وہ حکومتی اقدامات سے فائدہ اٹھائیں اور پاکستانی ثقافت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اور فلم انڈسٹری کے باہمی تعاون سے پاکستانی سینما دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔