سعودی عرب کی صورتحال اور ریاض ایئرپورٹ کی بندش سے پاکستان کا فضائی شیڈول متاثر، 24 گھنٹوں میں 114 پروازیں منسوخ یا غیر فعال اور 77 تاخیر کا شکار ہوئیں۔
سعودی عرب کی صورتحال کے باعث پاکستان میں فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا ہے اور پروازوں کی مجموعی تعداد کم ہو کر 404 کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 114 پروازیں منسوخ یا غیر فعال رہیں، جبکہ 77 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ ریاض ایئرپورٹ کی بندش کے باعث بدھ کو پاکستان سے ریاض جانے والی 28 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ ملتان سے ریاض جانے والی پرواز پی کے 765 کو متبادل ایئرپورٹ کی جانب روانہ کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کراچی سے جدہ جانے والی دو پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ سیالکوٹ اور ملتان سے دمام جانے والی ایک ایک پرواز بھی منسوخ کردی گئی۔ لاہور سے مدینہ جانے والی سعودی ایئرلائن کی پروازوں ایس وی 724 اور ایس وی 725 میں پانچ گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔
فضائی آپریشن متاثر ہونے کے باعث لاہور سے اسکردو جانے والی چار پروازیں بھی ڈھائی سے تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔ اسی طرح کراچی سے لاہور جانے والی پانچ پروازوں میں تین سے آٹھ گھنٹے، جبکہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی سات پروازوں میں ایک سے پانچ گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی۔
سعودی عرب کی صورتحال اور ریاض ایئرپورٹ کی بندش کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہونے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔