سلطان آف جوہر کپ 2026 میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے دوسرے میچ میں کینیڈا کو 6-2 سے شکست دی۔ پاکستان کی جانب سے چھ مختلف کھلاڑیوں نے گول کیے۔
سلطان آف جوہر کپ 2026 میں پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے اپنے دوسرے میچ میں کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے کینیڈا کو 6-2 سے شکست دے دی۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور میچ میں اپنی برتری قائم رکھی۔
پاکستان کی جانب سے پہلا گول حمزہ فیاض نے نویں منٹ میں کیا۔ اس کے بعد 14ویں منٹ میں حمزہ علی نے دوسرا گول داغ کر ٹیم کی برتری دو گول تک پہنچا دی۔ 25ویں منٹ میں رانا عبداللہ سمیع نے تیسرا گول کیا اور پاکستان کو 3-0 کی برتری دلائی۔
کینیڈا کی جانب سے بھلر گرنور نے 30ویں منٹ میں پہلا گول اسکور کیا، جس سے مقابلے کا اسکور 3-1 ہوگیا۔ تاہم پاکستان نے اپنی جارحانہ حکمت عملی جاری رکھی اور 38ویں منٹ میں رانا ولید نے چوتھا گول کرکے برتری 4-1 کردی۔
کینیڈا کے یوگیشوارن ابھیرام نے 45ویں منٹ میں اپنی ٹیم کا دوسرا گول کیا، جس کے بعد اسکور 4-2 ہوگیا۔
میچ کے آخری کوارٹر میں پاکستانی ٹیم نے مزید دو گول کرکے فتح یقینی بنائی۔ 51ویں منٹ میں آسام حیدر نے پانچواں جبکہ 54ویں منٹ میں عدیل نے چھٹا گول اسکور کیا۔ اس طرح پاکستان نے مقابلہ 6-2 سے جیت لیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے شاندار کامیابی پر جونیئر ہاکی ٹیم اور تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے آئندہ میچوں کے لیے ٹیم کو نیک خواہشات بھی پیش کیں۔