سنرجی گروپ نے ملائیشیا میں ڈریگنز آف ایشیا ایوارڈز 2026 میں کے ایف سی پاکستان کی مہم پر گولڈ اور پی ایس او کی مہم پر برونز ڈریگن ایوارڈ جیت لیا۔
کراچی: پاکستان کے مارکیٹنگ اور تشہیری ادارے سنرجی گروپ نے ملائیشیا میں منعقد ہونے والے ڈریگنز آف ایشیا ایوارڈز 2026 میں دو بین الاقوامی اعزازات حاصل کیے ہیں۔ گروپ کی دو ذیلی کمپنیوں کو کے ایف سی پاکستان اور پاکستان اسٹیٹ آئل کی تشہیری مہمات پر گولڈ اور برونز ڈریگن ایوارڈز دیے گئے۔
سنرجی گروپ کی ذیلی کمپنی سائنائٹ ڈیجیٹل نے کے ایف سی پاکستان کی چیمپئنز ڈیل مہم پر لائلٹی اینڈ ایکوزیشن کیٹیگری میں گولڈ ڈریگن ایوارڈ حاصل کیا۔ یہ تشہیری مہم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران پیش کی گئی تھی۔
گروپ کی دوسری ذیلی کمپنی سنرجی ایڈورٹائزنگ کو پاکستان اسٹیٹ آئل کی بلیز ایکسٹریم مہم پر پروڈکٹ لانچ اینڈ ری لانچ کیٹیگری میں برونز ڈریگن ایوارڈ سے نوازا گیا۔
پاکستان اسٹیٹ آئل کی بلیز ایکسٹریم مہم کے ذریعے مکمل مصنوعی بنیادوں پر تیار کردہ 10W-40 فور اسٹروک موٹر سائیکل انجن آئل متعارف کرایا گیا۔ اس مہم میں روزانہ سفر کرنے والے موٹر سائیکل سواروں اور بڑی موٹر سائیکلوں کے شوقین افراد کے لیے مصنوعات کے اعلیٰ معیار کو اجاگر کیا گیا۔
سنرجی گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو احمد کپاڈیہ نے اس کامیابی پر کہا کہ بین الاقوامی سطح پر دونوں اعزازات کا حصول گروپ کی ٹیم کی تخلیقی صلاحیتوں، جدت اور مؤثر حکمت عملی کا اعتراف ہے۔
احمد کپاڈیہ نے صارفین اور کاروباری شراکت داروں کے اعتماد اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سنرجی گروپ اس سے قبل بھی مختلف بین الاقوامی تقریبات میں اعزازات حاصل کر چکا ہے۔
ڈریگنز آف ایشیا کی سالانہ ایوارڈز تقریب میں ایشیا کے مختلف برانڈز اور تشہیری اداروں کی تخلیقی صلاحیتوں، ابلاغی حکمت عملیوں اور ذرائع ابلاغ کے مؤثر استعمال کو سراہا جاتا ہے۔