پاکستان رینجرز سندھ اور ابتکار راہ روشن کے اشتراک سے نگرپارکر میں مفت طبی کیمپ لگایا گیا، جہاں 721 سے زائد مریضوں کا معائنہ، لیبارٹری ٹیسٹ اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔
تھرپارکر: پاکستان رینجرز (سندھ) اور غیر سرکاری تنظیم ابتکار راہ روشن کے اشتراک سے ضلع تھرپارکر کے دور افتادہ علاقے نگرپارکر میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں 721 سے زائد مقامی مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا اور انہیں بلا معاوضہ ادویات فراہم کی گئیں۔
طبی کیمپ کا مقصد علاقے کے رہائشیوں کو مختلف بیماریوں کی تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کرنا تھا۔ کیمپ میں جنرل میڈیسن، ہڈیوں اور جوڑوں کے امراض، امراضِ نسواں، جلد اور دانتوں کے ماہر ڈاکٹروں نے اپنی خدمات پیش کیں۔
ماہر ڈاکٹروں نے مریضوں کا طبی معائنہ کیا اور ان کی ضروریات کے مطابق طبی سہولیات فراہم کیں۔ اس موقع پر مختلف مریضوں کے لیبارٹری ٹیسٹ بھی کیے گئے، جبکہ انہیں مفت ادویات دی گئیں۔
نگرپارکر اور گردونواح کے رہائشیوں نے دور افتادہ علاقے میں مفت طبی کیمپ کے انعقاد کو سراہا۔ مقامی افراد نے طبی معائنے، ادویات اور تشخیصی سہولیات کی بلا معاوضہ فراہمی پر پاکستان رینجرز (سندھ) اور ابتکار راہ روشن کی کوششوں کی تعریف کی اور دونوں اداروں کا شکریہ ادا کیا۔